کلی کرتے وقت حلق میں پانی چلا جانا:
کلی کرتے وقت حلق میں پانی چلا گیا اور روزہ یاد تھا، تو روزہ جاتا رہا، قضا واجب ہے ، کفارہ لازم نہیں۔
(تحفہ رمضان ، ص: ۶۸، از: مفتی سلمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی)
اگر بتی کا دھواں منہ یا ناک میں داخل کرنا:
اگر کوئی شخص روزہ کی حالت میں اگربتی کا دھواں (یا کوئی بھاپ) ناک یا منہ میں داخل کرے، تو روزہ فاسد ہو جائے گا۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۲)
روزہ کی حالت میں جان بوجھ کر قے کرنا:
اگر روزہ کی حالت میں قصداً قے کی تو منہ بھر کر قے کرنے کی صورت میں بالاتفاق روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر منہ بھر کر نہ ہو، تو امام محمدؒ کے نزدیک روزہ ٹوٹ جائے گا، جب کہ امام ابویوسفؒ کے نزدیک نہیں ٹوٹے گا ۔(البتہ خود بخود بلا ارادہ قے ہونے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، جیسا کہ پہلے گزر چکا ہے۔)
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص:۱۶۳)
نکسیر کا خون اندر چلاگیا:
اگر روزہ دار کی نکسیر پھوٹی اور اس کا خون ناک سے منہ میں آکر حلق میں چلا گیا، تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۳)
روزہ کی حالت میں بھپارہ یا انہیلر لینا:
دوا یا پانی کی بھاپ کا بھپارہ لینے سے روزہ فاسد ہو جائے گا، یہی حکم دمہ میں تسکین کے آلہ انہیلر کا ہے
(تحفہ رمضان ، ص: ۶۷، از: مفتی سلمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی)
روزہ میں درد کی دوا استعمال کرنا:
روزہ کی حالت میں درد کاکپسول حلق میں ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔
(تحفہ رمضان ، ص: ۶۷، از: مفتی سلمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی)
روزہ کی حالت میں منہ میں پان دبا کر سوگیا:
روزہ دار منہ میں پان دبا کر سوگیا اور اسی حالت میں صبح ہوگئی، تو روزہ نہیں ہوا، اس لیے کہ سوتے وقت پان کے اجزا تھوک کے ساتھ پیٹ میں خود چلے گئے ہوں گے؛ لہذا بعد میں قضا روزہ رکھے۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۳)
ناک یا کان میں دوا یا تیل ڈالنا:
ناک یا کان میں تیل ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، مگر کفارہ واجب نہیں ہوتا۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۴)
غلطی یا دھمکی کی وجہ سے روزہ توڑ دینا:
اگر کوئی شخص غلطی سے روزہ توڑ دے یا دھکمی دے کر کسی کا روزہ فاسد کرایا جائے، تو ایسی صورت میں صرف قضا لازم ہوگی، کفارہ نہیں ہے۔
(تحفہ رمضان ، ص: ۶۹، از: مفتی سلمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی)
دانتوں میں رہی ہوئی چیزوں کا نکال کر نگل لینا:
دانتوں میں رہی ہوئی چیزوں کو زبان سے نکال کر نگل لیا، جبکہ وہ (نگلی ہوئی چیزیں) چنے کے دانے کے برابر یا اس سے زیادہ ہو اور اگر منہ سے نکال کر پھر نگل گیا، تو چاہے چنے سے کم ہو یا زیادہ روزہ ٹوٹ جائے گا۔
(احکام رمضان و اعتکاف مع مختصر فضائل و مسائل، ص: ۵۶)
مسوڑھوں کا خون اندر چلا جانا:
مسوڑھوں کا خون اندر چلے جانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور صرف قضا لازم ہوگی۔
(تحفہ رمضان ، ص: ۶۹، از: مفتی سلمان صاحب منصورپوری مدظلہ العالی)
پتھر کی کنکری یا مٹی کھانا:
پتھر کی کنکری یا بے فائدہ مٹی یا گھاس پھوس یا کاغذ کھانے سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے، مگر صرف قضا لازم ہوگی۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۴)
روزہ کی حالت میں حقہ یا بیڑی سگریٹ پینا:
روزہ کی حالت میں حقہ یا بیڑی سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور قضا واجب ہے، کفارہ نہیں۔
(کتاب المسائل، ج: ۲، ص: ۱۶۵)
