https://tagassistant.google.com/#/?url=https%3A%2F%2Fguldastakafi.blogspot.com%2F وہ چیزیں جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور قضا کے ساتھ کفارہ بھی لازم ہوتا ہے، کوئز نمبر بیس (۲۰)

وہ چیزیں جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور قضا کے ساتھ کفارہ بھی لازم ہوتا ہے، کوئز نمبر بیس (۲۰)

وہ چیزیں جن سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور قضا کے ساتھ کفارہ بھی لازم ہوتا ہے

کفارہ کب واجب ہوتا ہے:

روزہ یاد ہونے کی حالت میں اگر کوئی مکلف شخص رمضان میں جان بوجھ کر بلا کسی اشتباہ کے کوئی دل پسند غذا یا نفع بخش دوا کھا پی کر یا جماع کر کے روزہ کو فاسد کردے، تو اس پر قضا اور کفارہ دونوں لازم ہوتے ہیں۔

(تحفہ رمضان، ص: ۷۱۔۷۲، کتاب المسائل ، ج:۲ ،ص: ۱۶۹)

بیوی سے جماع کیا اگر چہ انزال نہیں ہوا:

جماع میں حشفہ چھپ جائے، تو قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں، خواہ انزال ہو یا نہ ہو ۔

(کتاب المسائل، ج:۲، ص:۱۶۹، تحفہ رمضان، ص: ۷۲)

دوسرے شخص کا تھوک نگل جانا:

اگر کوئی دوسرے کا تھوک نگل لے، تو روزہ فاسد ہوجائے گا، قضا لازم ہوگی، کفارہ نہیں، اگر اپنا تھوک ہاتھ میں لے کر نگل جائے، تو بھی روزہ فاسد ہوجائے گا اور قضا لازم ہوگی نہ کہ کفارہ؛ البتہ اگر اپنے پسندیدہ شحص مثلاً بیوی یا قریبی دوست کا تھوک نگلا ہو، تو قضا کے ساتھ کفارہ بھی لازم ہوگا۔

(کتاب المسائل، ج:۲، ص:۱۷۱)

عمداً کچا گوست یا کچا چاول کھانا:

روزہ کی حالت میں عمداً کچا گوشت اور کچا چاول، جس کو لوگ کھایا کرتے ہیں، کھانے سے قضا اور کفارہ دونوں لاز م ہوں گے۔

(تحفہ رمضان، ص: ۷۳، کتاب المسائل، ج:۲ ،ص: ۱۷۱)

زبردستی جماع کرنا:

اگر کوئی مرد کسی عورت کو جماع پر مجبور کرے اور پیش قدمی مرد کی جانب سے ہو، تو مرد پر قضا اور کفارہ دونوں واجب ہیں، اور عورت پر صرف قضا لازم ہے، نیز ابتدا میں عورت راضی نہ ہو اور بعد میں راضی ہوجائے ، تو اس وقت بھی عورت پر صرف قضا ہوگی، کفارہ نہیں ہوگا۔

(احکام رمضان واعتکاف مع مختصر فضائل و مسائل، ص: ۵۸)

عورت اگر حیض آنے کی امید میں روزہ توڑ دے:

عورت نے یہ جان کر کہ آج مجھ کو حیض آئے گا روزہ توڑ دیا، پھر حیض نہیں آیا، تو قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں۔

(احکام رمضان واعتکاف مع مختصر فضائل و مسائل، ص: ۵۸)

ایسی چیزیں جن کا استعمال بطور غذا یا دوا ہوتی ہو:

اگر ایسی چیز کھا یا پی لی، جس کو لوگ کھایا کرتے ہیں یا کوئی ایسی چیز ہے کہ یوں تو لوگ نہیں کھاتے ہیں، مگر بطور دوا کے ضرورت کے وقت کھاتے ہیں، تو بھی روزہ جاتا رہا اور قضا و کفارہ دونوں واجب ہیں۔

(احکام رمضان واعتکاف مع مختصر فضائل و مسائل، ص: ۵۸)

سرمہ لگایا، پھر قصداً کھا پی لیا:

اگر کوئی شخص سرمہ لگایا اور یہ سمجھا کہ روزہ ٹوٹ گیا، پھر جان بوجھ کر کھا پی لیا،تو دونوں لازم ہیں۔

(رمضان المباک فضائل و مسائل، ص: ۴۷)

مسواک کیا پھر قصداً کچھ کھا پی لیا:

مسواک کیا اور یہ سمجھا کہ روزہ ٹوٹ گیا، پھر جان بوجھ کر کچھ کھا پی لیا، تو بھی دونوں چیزیں لازم ہیں۔

(رمضان المباک فضائل و مسائل، ص: ۴۷)

غیبت و چغل خوری کے بعد جان بوجھ کر کوئی چیز کھا پی لیا:

غیبت کی اور پھر سمجھا کہ روزہ ٹوٹ گیا، اس لیے جان بوجھ کر کچھ کھا پی لیا، تو بھی دونوں چیزیں لازم ہیں

(رمضان المباک فضائل و مسائل، ص: ۴۷)

روزہ کی حالت میں قصداً بیڑی سگریٹ پینا:

روزہ کی حالت میں حقہ پینے یا بیڑی سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اگر یہ عمل جان بوجھ کرتلذذ یا کسی اور نفع کے لیے کیا جائے، تو قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں۔

(رمضان المباک فضائل و مسائل، ص:۴۸)


Post a Comment

Previous Post Next Post