فضیلت رمضان المبارک
رمضان المبارک کے مہینے کو سارے مہینوں پر برتری حاصل ہے کہ اس میں بےپناہ اللہ تعالی کی رحمتیں اور خیرو برکت نازل ہوتی ہیں، جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، شیاطین قید کردیے جاتے ہیں، نیکیوں کی توفیق زیادہ حاصل ہوتی ہے، مومنین کے رزق میں اضافہ ہوجاتا ہے، نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ستر فرض کے برابر ہوجاتا ہے، رمضان کا ابتدائی عشرہ رحمت، درمیانی عشرہ مغفرت اور آخری عشرہ آگ سے خلاصی کا ہے ، اس میں ایک رات شب قدر ہے، جس میں پوری رات عبادت ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اسی مہینہ میں قرآن کریم نازل ہوا(شَهۡرُ رَمَضَانَ الَّذِىۡٓ اُنۡزِلَ فِيۡهِ الۡقُرۡاٰنُ ‘‘ سورہ بقرہ آیت نمبر: ۱۸۵)اسی مہینہ میں دن میں روزہ اور رات میں تراویح کا اجتماعی نظام قائم کیا جاتا ہے، وتر جماعت کے ساتھ پڑھی جاتی ہےاور بھی نورانیت اور تاثیر میں بے انتہا اضافہ ہو جاتا ہے، جس کا ادراک کسی نہ کسی درجے میں ہرمومن کو ہوتا ہے۔
(مختصر خلاصہ حدیث : مشکوۃ المصابیح ، کتاب الصوم، ص :۱۷۴؍۱۷۳)
یہی وجہ ہے کہ نبی کریم ﷺ اس کی آمد کا رجب کے مہینے سے ہی اشتیاق فرمانا شروع کر دیتے تھے ، چناں چہ جب رجب کا مہینہ داخل ہوتا، تو آپﷺ یہ دعا پڑھا کرتے تھے: ”اَللّٰهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِيْ رَجَبَ وَشَعْبَانَ وَبَلِّغْنَا رَمَضَانَ“ اے اللہ رجب اور شعبان کے مہینے میں ہمیں برکت عطا فرما اور ہمیں (بخیر و عافیت ) رمضان المبارک تک پہنچا دیجئے۔
(شعب الایمان : ۳۵۳۴)
رمضان المبارک کا مہینہ سال کے تمام مہینوں کا سردار ہے ، جیسا کہ حدیث مبارکہ میں ہے: ’’سَیِّدُ الشُّہُوْرِ شَہْرُ رَمَضَانَ الخ‘‘
(شعب الایمان : ۳۴۷۹)
رمضان المبارک سب سے بہتر اور افضل مہینہ ہے (شعب الایمان :۳۳۳۵)، رمضان المبارک عظیم اور بابرکت مہینہ ہے، جیسا کہ سلمان فارسی ؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے شعبان کی آخری تاریخ کو خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا : ’’ یا أیھا الناس قد أظلکم شھر عظیم شہر مبارک‘‘ اے لوگوں تم پر ایک عظیم مہینہ سایہ فگن ہو رہا ہے، جو بڑا بابرکت مہینہ ہے۔
( شعب الایمان :۳۳۳۶)
سب سے بڑی بات یہ کہ رمضان المبارک اللہ تعالی کا مہینہ ہےیعنی اللہ تبارک و تعالی نے اس مہینہ کی نسبت اپنے طرف کی ہے: ’’ شعبان شہری و رمضان شہر اللہ ‘‘ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اللہ کا مہینہ ہے
(کنزل العمال عن الدیلمی: ۳۵۱۷۲)
